کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان میں اسپورٹس مین اسپرٹ نام کی کوئی چیز نہیں ہے،ماہر قانون و سینئر تجزیہ کار حیدر وحید نے کہا کہ آج کی تاریخ میں بنایا جانے والا کمیشن سیاسی ہی سمجھا جائے گا،جنرل (ر) طارق نے کمیشن کی سربراہی سے معذرت اسی وجہ سے کی ہے کہ دو دن بعد اس کمیشن کا کوئی وجود نہیں ہوگا، سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی نے کہا کہ حکومت جتنی لیت و لعل کرلے اس کے ہاتھ میں اب کچھ نہیں آئے گا، سینئر اینکر پرسن شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ جنرل (ر) طارق خط دیکھے بغیر ہی اپوزیشن کو غدار قرار دے چکے ہیں، وزیراعظم نے انہی کو لیٹرگیٹ کمیشن کا سربراہ بنادیا ہے۔ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے سفارتی مراسلہ کو سیاست زدہ کر کے خارجہ پالیسی پر حملہ کیا ہے، عمران خان کی اس حرکت پر غیرممالک کے سفارتکار ہمارے ملک کے سفارتکاروں سے اپنے لوگوں کو ملنے سے منع کرسکتے ہیں، ہمارا اپنا سفارتی عملہ بھی اپنے مراسلہ بھیجتے ہوئے گھبرائے گا کہ ایسا تجزیہ نہ بھیجے جسے کوئی سیاست کیلئے استعمال کرسکے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان میں اسپورٹس مین اسپرٹ نام کی کوئی چیز نہیں ہے، اندیشہ ہے عمران خان خود کو ، ملک اور آئین کو رسوا کریں گے، عمران خان خود اور بہت سے ساتھیوں کو توہین عدالت کا مرتکب کروائیں گے، عمران خان اکثریت کھوچکے ہی وقار کے ساتھ اپنی شکست تسلیم کریں، پی ٹی آئی کے ناراض اراکین کے علاوہ بھی ہمارے پاس تحریک عدم اعتماد کیلئے ووٹ پور ے ہیں، اپوزیشن اور سابق حکومتی اتحادیوں کے 177اراکین ہمارے ساتھ ہیں، حکومت کا یہ کہنا درست نہیں کہ سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ میں مداخلت کی ہے۔