ایک مشہور قول ہے کہ ‘‘ *خواب وہ نہیں ہوتے جو آپ سوتے میں دیکھتے ہیں ، خواب تو وہ ہوتے ہیں جو آپ کو سونے نہیں دیتے۔* لہذا نوجوان خواب ضرور دیکھیں لیکن یہ بھی یاد رکھیں ہر خواب پورا نہیں ہوتا ، البتہ ان خوابوں کی تعبیروں میں مصروف عمل رہیں تو مرحلہ وار کامیابیاں آپ کے قدم چومنے لگیں گی اور آہستہ آہستہ بہتر سے بہترین کا سفر طے کرلیں گے۔
یاد رکھیے زندگی کے دو دن بہت اہم ہوتے ہیں، ایک وہ دن جب آپ دنیا میں آئے تھے اور دوسرا وہ دن جب آپ کو یہ یقین ہوجاتا ہے کہ میں کسی بڑے کام کےلئے دنیا میں آیا ہوں، ایسا وہی نوجوان سوچ سکتا ہے جس نے خواب دیکھے ہوں۔
نپولین ہل کے مطابق ،دنیا میں ہر چیز دوبار بنتی ہے۔ ایک بار کسی کے ذہن میں، دوسری بار دنیا میں۔ اگر آپ کے ذہن میں کامیابی کی تصویر نہیں ہے تو کامیاب نہیں ہوں گے۔ اچھے تصورات ہی زندگی کے معیار کا تعین کرتے ہیں، اس لیے پہلے کامیاب ہونے کا ایک منصوبہ بنائیے، پھر اسعمل کر کے حقیقت میں بدلنے کا سوچئیے۔ دنیا کا امیر ترین انسان بل گیٹس کے مطابق ،’’اگر آپ پیدا غریب ہوئے ہیں تو یہ آپ کی غلطی نہیں لیکن اگر غریب مرتے ہیں تو یہ آپ کی غلطی ہے۔‘‘
اپنے آپ کو پہچانیں اور یقین کامل کے ساتھ آگے بڑھیں۔ کائنات کی عظمتیں آپ کے سامنے سرنگوں ہونے کو بے تاب ہیں اور مسائل حل ہونے کے لئے تیار ہیں، تاخیر صرف اس میں ہے کہ آپ فیصلہ نہیں کر پارہے کہ کہاں جانا ہے ؟۔ یہ کون سا راستہ منتخب کرنا ہے۔ یاد رکھیں کہ، دنیا فتح کرنے سے پہلے خود کو فتح کرنا ہوتا ہے اور خود کو فتح کرنے کے لیے اپنے اندر موجود خوف سے نبٹنا ہوتا ہے، اگر اپنے اندر پائے جانے والے خوف کو ختم نہیں کریں گےتو یہ خوف آپ کوختم کردے گا اور آپ کوئی بڑا کام نہیں کرپائیں گے۔
غریب ہونے کے خوف، دوسروں کی تنقید ، بیماری موت ، ناکامی اور بڑے نقصان کے خوف سے جان چھڑانا ہوگی۔ بس ایک بات دماغ میں بٹھا لیں کہ، کچھ مشکل نہیں کچھ ناممکن نہیں۔ سوچ وسیع رکھ کر ہی معاشرے میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔ نااُمیدی، غصہ، نفرت اور حسد انسان کی قدرتی صلاحیتوں کو اندر ہی اندرسے کھا جاتےہیں، اس لئے ان منفی سوچوں اور رویوں سے بچنے کے لئے باہمت اور مثبت سوچ کے حامل افراد،اداروں اور کتابوں سے وابستگی بڑھائیں۔ ہمت کریں زندگی کو جئیں اور حالات کا مقابلہ کرنا سیکھیں توحالات ضرور بدلیں گے۔
(ڈاکٹر محمد اعظم رضا تبسم کی کتاب،
’’کامیاب زندگی کے راز‘‘ سے انتخاب)
متوجہ ہوں!
قارئین کرام آپ نے صفحۂ ’’نوجوان‘‘ پڑھا، آپ کو کیسا لگا؟ ہمیں اپنی رائے سے ضرور آگاہ کریں۔ اگر آپ بھی نوجوانوں سے متعلق موضاعات پر لکھنا چاہتے ہیں، تو قلم اٹھائیے اور اپنی تحریریں ہمیں ضرور بھیجیں۔ ہم نوک پلک درست کر کے شائع کریں گے۔
نوجوانوں کے حوالے سے منعقدہ تقریبات کا احوال اور خبر نامہ کے حوالے سے ایک نیا سلسلہ شروع کررہے ہیں، آپ بھی اس کا حصّہ بن سکتے ہیں اپنے ادارے میں ہونے والی تقریبات کا مختصر احوال بمعہ تصاویر کے ہمیں ارسال کریں اور پھر صفحہ نوجوان پر ملاحظہ کریں۔ ہمارا پتا ہے:
انچارج صفحہ ’’نوجوان‘‘ روزنامہ جنگ،
میگزین سیکشن،اخبار منزل، آئی آئی چندریگر روڈ کراچی