لاہور ( جنرل رپورٹر )سیالکوٹ سے براستہ لاہور کراچی آنے والی علامہ اقبال ایکسپریس ٹرین دہشت گردی کے بڑے حادثہ سے بال بال بچ گئی۔ ریلوے پولیس سیالکوٹ نے بروقت کارروائی کرکے ٹرین کی آمد سے کچھ دیر قبل ریلوے ٹریک کھولنے والے 3دہشت گردوں شکر اللہ، مشتاق اورغلام مصطفی کو گرفتار کرکے ریلوے ایکٹ 126کے تحت دہشت گردی کے مقدمات درج کرلئے اور تینوں دہشت گردوں کیخلاف تحقیقات شروع کردی، تینوں ملزمان سے ریلوے میٹریل بھی برآمد کرلیا گیا۔ آئی جی ریلوے پولیس فیصل شاہکار نے دہشت گردی کے واقعہ کو ناکام بنانے پر ایس ایچ او ریلوے پولیس سیالکوٹ عرفان اشرف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قابل اور محنتی افسر محکمہ کا جھومر ہیں۔