اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے شہباز شریف کو وزیراعظم کے انتخاب میں حصہ لینے سے روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔ پیر کو ہمدردان وطن نامی جماعت کے چیئرمین میاں غلام رسول وغیرہ کی درخواست کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ کیاآپ کی پارٹی رجسٹرڈ ہے اور اگر رجسٹرڈ ہے تو کہاں رجسٹرڈ ہے؟ اس پر درخواست گزار نے بتایاکہ یہ جماعت الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہے اور سرٹیفکیٹ بھی لگایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پر کرپشن کے کئی مقدمات ہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ کیا انہیں کسی کیس میں سزا ہو چکی ہے؟ درخواست گزار نے کہاکہ ابھی سزا نہیں ہوئی کیس چل رہے ہیں۔ اس پر عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔