اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف نے کراچی اور پشاور میں تاریخی جلسے کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ عمران خان 13 اپریل کو پشاور اور 17 اپریل کو کراچی میں جلسے سے خطاب کریں گے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کراچی اور پشاور تیار ہو؟ عمران خان 13 اپریل کو پشاور اور 17 اپریل کو کراچی میں جلسے سے خطاب کریں گے ، امپورٹیڈ حکومت نامنظور، عوام کا مطالبہ نئے انتخابات ہیں۔انشاءاللہ منزل قریب ہے پاکستان ، ایک خود دار پاکستان۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے ٹویٹر پر کہا کہ کراچی تیار ہو جائو ، خان آ رہا ہے ، اتوار 17 اپریل مزار قائد ، انشاءاللہ پاکستان دیکھے گا کراچی اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ ایک خوددار خودمختار پاکستان کے لئے کھڑا ہے۔