پشاور(نمائندہ جنگ)عمران خان آج پشاور سے حکومت مخالف احتجاجی تحریک کا آغاز کرینگے، رات 9بجے موٹر وے چوک رنگ روڈ پر جلسہ عام کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں.
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، صوبائی وزیر اعلیٰ تعلیم کامران بنگش اور معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج پشاور سے احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے.
رات 9بجے موٹر وے چوک کے قریب رنگ روڈ پر جلسہ عام کا انعقاد کیا جائیگا جس کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں،پاکستان میں تبدیلی کی دوسری لہر شروع ہو چکی ہے،یکجہتی جلسوں میں اداروں کے خلاف نعرہ بازی کی مذمت کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزرا نے کہاکہ وفاق میں بننے والی نئی حکومت کو عوام نے مسترد کر دیا ہے جس کے اثرات تمام ملک میں محسوس کئے جا سکتے ہیں.
خیبرپختونخوا تبدیلی کا گڑھ ہے، یہاں کل صوبائی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر ایک دستخط جعلی تھا جو براہ راست اس بات کا ثبوت ہے کہ اپوزیشن جماعتیں جھوٹ کے سہارے پر زندہ ہیں،صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے باسیوں کی تعریف کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کے لئے نکلے ہیں.
شہریوں سے اپیل ہے کہ کل سب جلسے میں شرکت کریں،وفاق میں پاکستان تحریک انصاف کا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کل ہوگا،تاریخی موقف اپنانے کے بعد پہلی مرتبہ عمران خان عوام سے مخاطب ہونگے، کچھ لوگ غلط نعرے لگا رہے ہیں جس کے خلاف ہیں، صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ ملکی اداروں کے خلاف نعرہ بازی کسی صورت قبول نہیں،کارکنان سے کہہ دیا ہے کہ اداروں کا احترام ہر صورت مقدم رکھیں گے۔