• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی پولیس ، گھڑسوار یونٹ کے زائدالعمر وبیمارگھوڑوں کی نیلامی کافیصلہ

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس اپنے زائدالعمر ان فٹ گھوڑوں کونیلام کرے گی۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی پولیس کےگھڑ سوار یونٹ میں شامل زائدالعمر ،بیماراورلاغرگھوڑوں کی نیلامی کافیصلہ کیاگیا ہے اس حوالے سے جلد گھوڑوں کی نیلامی کی جائے گی، پولیس ذرائع کاکہنا ہے کہ پولیس رولزکے باب 76کے مطابق صحرائی اضلاع میں اونٹ اورمیدانی علاقوں میں گھوڑے پولیس فورس کا حصہ ہوتے ہیں اوران کی خوراک اوررہائش کے بارے باقاعدہ قوانین طے شدہ ہیں پولیس رولزکے مطابق گھوڑوں کی حدعمرپہلے 20 سال مقررتھی اس سے زیادہ عمرکے گھوڑے نیلام کردیے جاتے تھے امسال اس حوالے سے زیادہ سے زیادہ عمر18سال مقررکردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی پولیس کے پاس اس وقت 21گھوڑے ہیں جن کی خوراک پرماہانہ ساڑھے پانچ لاکھ روپے خرچ آتاہے جب کہ گھڑسواریونٹ میں اس وقت دوہیڈکانسٹیبل اور18کانسٹیبل ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جو گھوڑوں کی دیکھ بھال بھی کرتے ہیں اوربوقت ضرورت انہیں دوڑاتے بھی ہیں۔ اس سے قبل پولیس کے گھوڑوں کوباقاعدہ ٹریننگ دینے کے لیئے ٹرینرمقررکئے جاتے تھے لیکن اب یہ سلسلہ ختم کردیاگیاہے۔ راولپنڈی پولیس لائن میں ایک رائیڈنگ کلب بھی بنایاگیاہے ،ذرائع کاکہناہےگھڑسواریونٹ کااستعمال بہت کم ہوگیاہے اب صرف صدراوروزیراعظم کی ائرپورٹ آمدپر گھڑسواریونٹ سے گھوڑے منگوائے جاتے ہیں یامحرم الحرام کے دوران سیکورٹی ڈیوٹی کے لئے گھڑسواردستہ بلایاجاتاہے، اس کے علاوہ ہرپیرکوپولیس لائن راولپنڈی میں ہونے والی جنرل پریڈمیں گھڑسواردستہ بھی شرکت کرتاہے ، ذرائع کاکہناہےکہ راولپنڈی پولیس کے پانچ گھوڑے جن کی عمر22سال ہوچکی ہے اوروہ ان فٹ ہوچکے انہیں نیلام کیاجارہاہے ۔
اسلام آباد سے مزید