کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا کا کہنا ہے کہ پاتھ وے کرکٹ میں سرمایہ کاری کرنا ان کا ایک بڑا ہدف تھا، عہدہ سنبھالتے ہی نوجوان کھلاڑیوں کو معیاری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہے ہیں۔ بدھ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی سی بی کا یہ معاہدہ پاکستان میں پاتھ وے کرکٹ میں انقلاب لا سکتا ہے۔ تین سالہ معاہدے کے ذریعے، کرکٹ کوچنگ پروجیکٹ میں شامل عالمی شہرت یافتہ کوچز پاکستان کے 100 نوجوان کھلاڑیوں کی کوچنگ کریں گے۔ گراس روٹ کی سطح پر اس سرمایہ کاری کے اثرات طویل مدتی ہوں گے، جو آنے والی نسلوں کے لیے ملک میں کھیل کے منظر نامے کو بدل کر رکھ دیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو پاتھ وے کرکٹ کے لئے اسپانسر مل گیا ہے۔ اسپانسر شپ کے ذریعےکرکٹ کوچنگ پروجیکٹ کے ہائی پرفارمنس کوچز نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں موجود باصلاحیت کھلاڑیوں کی کوچنگ کرینگے۔ عالمی شہرت یافتہ یہ کوچز ان کھلاڑیوں کو فاسٹ بولنگ، اسپن بولنگ، فیلڈنگ /وکٹ کیپنگ، بیٹنگ اور پاور ہٹنگ کی خصوصی تربیت فراہم کریں گے۔