• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاؤنٹی کرکٹ میں ڈبل سنچری، شان مسعود نےتاریخ رقم کردی، پہلے پاکستانی اوپننگ بیٹر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی بیٹرشان مسعود نے کائونٹی کرکٹ میں تاریخ رقم کردی، انہوں نے ڈربی شائر کیلئے میچ کے پہلے روز ہی 266گیندوں پر ڈبل سنچری اسکور کردی۔ شان مسعود نے اپنے کاؤنٹی کرکٹ کیریئر کے دوسرے ہی میچ میں ڈبل سنچری اسکورکی ۔شان مسعود پاکستان کی جانب سے کاؤنٹی کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے اوپنر بن گئے۔ شان مسعود نے ڈربی شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے سسکس کے خلاف ڈبل سنچری اسکور کی۔ ان کی201رنز ناٹ آئوٹ کی شاندار اننگز کی بدولت ڈربی شائر نے سسیکس کے خلاف دو وکٹ پر327رنز اسکور کیے۔ شان کے ساتھ وین میڈسن 88رنز پر کھیل رہے ہیں۔ اس سے قبل اوپننگ بیٹر نے اپنے ڈیبو کاؤنٹی میچ میں مڈل سکس کے خلاف 91اور 62رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ سسکس کی جانب سے محمد رضوان بھی ایکشن میں ہیں۔ محمد رضوان اوربھارت کے چتیشور پجارا سسکس کی نمائندگی کررہے ہیں ۔ کائونٹی چیمپئن شپ کے دوسرے راؤنڈ میں متعدد پاکستانی کھلاڑی ایکشن میں ہونگے۔ محمد عباس ہیمپشائر ، شان مسعود ،حسن علی لنکاشائر ، ظفرگوہر گلاسٹرشائر اور حارث رئوف یارک شائر کے لئے کھیل رہے ہیں۔ گلاسٹر شائر نے نسیم شاہ کو کندھے کی انجری کے باعث راؤنڈ ٹو میں آرام دیا ہے۔ ادھر برسٹل میں یارکشائر نے گلاسٹرشائر کو227رنز پر آئوٹ کردیا۔ حارث رئوف نے تین وکٹ حاصل کئے۔ جواب میں یارکشائر نے کھیل ختم ہونے پر بنا نقصان 37رنز اسکور کیے تھے۔

اسپورٹس سے مزید