پشاور(نمائندہ جنگ )پشاور ہائی کورٹ نے قومی احتساب بیورو کو حکم دیا ہے کہ وہ عدالت میں مالم جبہ ا سکینڈل کی تحقیقات بند کرنے سے متعلق نیب کے ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس کے مندرجات عدالت کے روبرو پیش کر ے ،پشاو رہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ مالم جبہ اسکینڈل میں پرویز خٹک اور دیگر کیخلاف انکوائری کس قانون کے تحت بند کی گئی؟ ایگزیکٹیو بورڈا جلاس مندرجات خفیہ دستاویزات نہیں جو عدالت کو فراہم نہ کی جا سکتی ہو، نیب عدالت کے رو برو پیش کر ے،عدالت نے قرار دیا کہ اجلاس کے مندرجات کوئی خفیہ دستاویزات نہیں جو عدالت کو فراہم نہ کی جا سکتی ہو ۔ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس روح الامین اور جسٹس ابراہیم خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے ڈاکٹر عادل ظریف کی بیلین ٹری سونامی ،مالم جبہ سکینڈل، پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ( بی آر ٹی )اور بینک آف خیبر میں بھرتیوں سے متعلق بد عنوانی کے خلاف رٹ دائر کی سماعت کی اس موقع پردرخواست گزار وکیل علی گوہر درانی ،نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل عظیم داد اور ایڈیشنل ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل محمد علی عدالت میں پیش ہوئے ۔