اسلام آباد ( افضل بٹ ) سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے فیصلے کے بعد آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کے انتخاب کے متعلق آئینی بحران ختم ہو گیا ہے ، صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود نےوزیر اعظم کے انتخاب کیلئے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 18 اپریل پیر کی صبح ساڑھےدس بجے طلب کر لیا ہے ، ذرائع کے مطابق سپیکر اسمبلی چودھری انوارالحق پیر کے روز ہی الیکشن شیڈول جاری کریں گے اور اسی دن وزیر اعظم کا انتخاب مکمل کرائیں گے۔ آزاد جموں و کشمیر عبوری ایکٹ 74 کے مطابق وزیر اعظم کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے ہو گا جس میں دو امیدواروں سردار تنویر الیاس اور چودھری یسین کے درمیان ون ٹو ون ون مقابلہ ہو گا۔حکمران جماعت تحریک انصاف کی طرف سے وزارت عظمیٰ کے متفقہ امیدوار سردار تنویر الیاس جبکہ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار چودھری یسین ہوں گے۔ وزارت عظمیٰ کے الیکشن میں 53 اراکین اسمبلی ووٹ ڈالیں گے اور وزیر اعظم منتخب ہونے کیلئے کم از کم 27 ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔ پارلیمنٹ میں موجود 53 اراکین اسمبلی میں سے تحریک انصاف32, پیپلز پارٹی 12, مسلم لیگ ن 7، جموں و کشمیر پیپلز پارٹی ایک اور آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی بھی ایک نشست ہے۔ وزیر اعظم کے ون ٹو ون مقابلے کی صورت میں سردار تنویر الیاس کی پوزیشن مستحکم نظر آتی ہے۔