اسلام آباد( نمائندہ جنگ )سعودی عرب کے ولی عہد ، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا اور انہیں وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، دوطرفہ تعلقات بڑھانے اور بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی، تجارت، سرمایہ کاری ، روزگار کے مواقع کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق ،دونوں رہنماوں کی ایک دوسرے کو دورےکی دعوت ،وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے مبارکباد پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مثالی قیادت میں سعودی عرب کی بے مثال ترقی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ پچھلے سات عشروں کے دوران دونوں ممالک کے برادرانہ اور تاریخی روابط اور سٹرٹیجک شراکت کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے اپنی حکومت اور اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دوطرفہ اور بین الاقوامی فورمز پر سعودی عرب کی تاریخی اور مسلسل حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا اور سعودی ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان ہر طرح کے حالات میں سعودی عرب کے شانہ بشا نہ کھڑا ہو گا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد نے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے اور وسعت دینے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ سعودی ولی عہد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو سعودی عرب کے دورہ کی دعوت دی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ولی عہد کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔