اسلام آباد (خبر نگار) آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہو گی، آج سے شروع ہونیوالے عدالتی ہفتے میں مقدمات کی سماعت کیلئے ایک لارجر اور چھ ریگولر بنچ تشکیل دیدئیے گئے.
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ دن ایک بجے سماعت کریگا، سپریم کورٹ میں آج پیر سے شروع ہونیوالے عدالتی ہفتے میں مقدمات کی سماعت کیلئے ایک لارجر اور چھ ریگولر بنچ تشکیل دیدئیے گئے ہیں.
سپریم کورٹ کی کاز لسٹ کے مطابق آج بروز پیر 18اپریل کو چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ مسافت اور اضافی ٹائم (اوور ٹائم) الاونسز سے متعلق ریلویز اور خیبرپختونخوا فرنٹیئر کانسٹیبلری ملازمین کی سروس برخاستگی سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت کریگا.
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ آج ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبرپختونخوا کے ملازمین کی سروس مستقلی سے متعلق دائر درخواستوں اور ایف بی آر ملازمین کی سروس پروموشن سے متعلق کیس کی بھی سماعت کریگا.
آج جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں پرائیوٹ مریضوں سے فیسوں کی وصولی سے متعلق کیس کی بھی سماعت کریگا جبکہ دن ایک بجے کورٹ نمبر ایک میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق دائر صدارتی ریفرنس پر سماعت کریگا۔