اسلام آباد(اے پی پی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے پیر کو ٹیلیفون کیا۔امیرِ قطر نے وزیراعظم شہباز شریف کو وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان قطر تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں پوری حمایت کی یقین دہانی کرائی۔علاوہ ازیں شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے پیر کو وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ سعودی سفیر نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور سعودی عرب کی طرف سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔دریں اثناءشہباز شریف سے قطر کے سفیر شیخ سعود عبدالرحمن الثانی نے پیر کو یہاں ملاقات کی ۔قطر کے سفیر نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر قطری قیادت کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔