تہران (اے ایف پی، جنگ نیوز) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے ایران کے خلاف ’کوئی بھی غلط اقدام اٹھایا تو تہران اس کا بھرپور جواب اور صہیونی ریاست کو چین سے نہیں بیٹھنے دے گا۔
صدر رئیسی نے یہ بات ایک بڑی فوجی پریڈ کے موقع پر خطاب میں کہی۔ ابراہیم رئیسی نے ایرانی قوم کے نام ٹیلی وژن سے نشر کردہ اپنے خطاب میں کہا کہ ʼʼایران کے خلاف کوئی چھوٹا سا بھی قدم اٹھانے کی صورت میں تہران کی مسلح افواج کا ہدف اسرائیلی حکومت کا مرکز ہو گا۔‘‘
ابراہیم رئیسی نے نام لیے بغیر تل ابیب کا ذکر کرتے ہوئے اپنے موقف کی مزید کوئی تفصیل تو نہیں بتائی، تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ایران اسرائیل کی ہر حرکت پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہے۔
ایران اور اسرائیل ایک دوسرے کے دیرینہ حریف ہیں اور ایرانی صدر نے اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے یہ تنبیہ ایک ایسے وقت پر کی ہے، جب تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق عالمی طاقتوں کے ساتھ ویانا میں جاری مذاکرات اور ان کے نتیجے میں طے پانے والا نیا ممکنہ معاہدہ دونوں جمود کا شکار ہو چکے ہیں۔