کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو بیرون ملک ایونٹ میں شر کت کے لئے اپنی روانگی کے انتظامات خود کرنے کی ہدایت کردی۔ پاکستان کی ٹیم کو 9 سے11مئی تک مالدیپ میں سائوتھ ایشین کیڈٹ اور جونیئر ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کرنا ہے ۔ فیڈریشن نے جن مرد اور خواتین کھلاڑیوں کے نام انتظامی کمیٹی کو ارسال کئے ہیں ان سے کہا گیا ہے کہ جو کھلاڑی اپنے ٹکٹ کے انتظامات خود کرے گا اسے بھیجا جائے گا۔ سابق قومی اور انٹر نیشنل کھلاڑیوں نے کہا کہ اس سے حق دار کھلاڑیوں کی ناانصافی ہوگی۔ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے فنڈ جاری نہیں کیے ، پیسے ملے تو وطن واپسی پر رقم کھلاڑیوں کو واپس کردی جائے گی۔