• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پورے پاکستان کو نچایا ہوا،کیا یہ جمہوری نظام ہے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

لاہور(نمائندہ جنگ)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی نے سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے استعفے کی منظوری کے خلاف درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی ،عدالت نے فریق کی قانونی حیثیت نہ ہونے پر درخواست گزار کی سرزنش کی اور ریمارکس دیئے کہ پورے پاکستان کو نچایا ہوا ہے، کیا یہ جمہوری نظام ہے، وزیر اعلیٰ عثمان بزدارکے استعفے کے کیس سے آپ کا کیا تعلق ہے؟کسی میں صبر نہیں،10لاکھ جرمانہ کے ساتھ درخواست خارج کی جارہی ہے جس پردرخواست گزار نے درخواست واپس لے لی۔تفصیلات کے مطابق عدالت کے روبرو درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ چوہدری سرور نے عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور کیا تھا جبکہ استعفے میں سابق وزیراعظم عمران کو مخاطب کیا گیا تھا گورنر کو نہیں جو کہ آئین کے آرٹیکل 130 (8) کی خلاف ورزی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ اپنے ہاتھ سے لکھی تحریر میں گورنر کو مخاطب کر کے استعفیٰ دے سکتے ہیں،عدالت سے استدعا ہے کہ عثمان بزدار کے استعفے کی منظوری سے متعلق درخواست پر فیصلہ آنے تک حمزہ شہباز کو بطور وزیراعلیٰ چارج لینے سے روک دے ، دوران سماعت عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ اس کا کیس سے کیا تعلق ہے؟ ایڈووکیٹ ندیم سرور نے جواب دیا کہ عثمان بزدار کی جانب سے جمع کرایا گیا استعفیٰ ہاتھ سے لکھا ہوا ہونا ضروری تھا۔
اہم خبریں سے مزید