• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی سلامتی مقدم، سازش دکھانے والے اصل میں سازش کررہے ہیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (خبرایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی مقدم ہے، سازش دکھانے والے اصل میں سازش کررہے ہیں،قومی سلامتی کمیٹی میں یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ کوئی سازش نہیں ہوئی، عمران خان سازش کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں، اتحادیوں کے چھوڑ کر جانے کے بعد عمران خان کو سازش نظر آنی لگی ہے۔

عمران خان کی فلاسفی ہے کہ جھوٹ اتنا بولو کہ وہ سچ لگنے لگے، عمران خان عوام کو بے وقوف بنانا بند کریں، انہوں نے چار سال تک عوام کو لوٹا اور معیشت تباہ کی، الیکشن کمیشن سے فارن فنڈنگ کا فیصلہ آنے والا ہے تو عمران خان الیکشن کمیشن سے استعفے کا بے بنیاد مطالبہ کر رہے ہیں۔ 

ہفتہ کوپریس کانفرنس سے خطاب اور ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ 7مارچ کو سفارتکاروں کی میٹنگ ہوتی ہے، 8 مارچ کو ٹیلی گرام آتا ہے اور اس کے بعد انہیں 27 مارچ کو یاد آتا ہے کہ ہمیں دھمکی دی جا رہی ہے اور پاکستان کے خلاف سازش ہو رہی ہے،عمران خان نے 8 مارچ سے 27 مارچ تک کسی کو سائفر کے بارے میں نہیں بتایا۔ 

اس سائفر میں ایمبیسیڈر نے یہ بات لکھی ہے کہ ڈی مارش کرنا چاہئے، عمران خان نے وہ بھی نہیں کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایم کیو ایم اور اتحادی جب انہیں چھوڑ کر چلے گئے تو اس وقت انہیں یاد آیا کہ 27 مارچ کو اسلام آباد جلسے میں کاغذ لہرایا جائے۔

عمران خان نے مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد کشمیر فروشی کی اور کشمیر ان کے حوالے کیا، اس کا مطلب ہے کہ اس مداخلت اور سازش میں عمران خان ملے ہوئے تھے، عمران خان آج الیکشن کمشنرسے استعفیٰ اس لئے مانگ رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن نے 30دن میں فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کرنا ہے۔

انہوں نے غیر ملکیوں سے جو پیسے لئے ڈیکلیئرڈ نہیں کئے، پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں اکائونٹس کو ڈیکلیئردنہیں کیا، نیشنل ڈیزاسٹر پر پاکستانیوں سے پیسے وصول کئے جو ڈیکلیئرڈ نہیں کئے۔

اسی طرح شوکت خانم اسپتال کے لئے فنڈ موصول ہوئے جو انہوں نے پارٹی کے لئے استعمال کئے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی نواز شریف کے اس بیانیہ کی جیت ہے کہ ووٹ کے ذریعے پاکستان کے منتخب نمائندے کو آنا اور جانا چاہئے۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نوٹنکی دیکھنے تو لوگ آ سکتے ہیں لیکن اس پر یقین نہیں کر سکتے، عمران خان کو پاکستان کے آئین کے تقاضوں کو ماننا پڑے گا، آج عوام جس مشکل کا شکار ہیں، اس کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ 

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جو الزامات لگائے، وہ ثبوت پیش نہیں کر سکے، عدالتوں میں جب یہ کیسز کھلے تو ان میں جو الزامات لگائے گئے تھے آج ان تمام الزامات میں ملزم و مجرم عمران خان خود ہیں۔ عمران خان نے منی لانڈنرنگ اور کرپشن کی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

اہم خبریں سے مزید