• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران ملکی مفادات، خارجہ پالیسی کیساتھ کھیل رہے ہیں،احسن اقبال

کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کسی ذہنی مفروضے کا شکار ہیں، ان کی نفسیاتی کیفیت پر شبہ ہورہا ہے،عمران خان کیخلاف کسی امریکی سازش کا نہ کوئی وجود ہے نہ ثبوت ہے، عمران خان نے ٹریپ لگایا تھا الٹا خود اس کا شکار ہوگئے تو امریکی سازش یاد آگئی، عمران خان اگر سڑکیں ناپنا چاہتے ہیں تو ہم نے بڑی سڑکیں بنائی ہیں ناپیں اور مارچ کریں،عمران خان پاکستان کے کلیدی مفادات، خارجہ پالیسی کے ساتھ کھیل رہے ہیں، پاکستان کو یوکرین پر جارحیت کی مذمت کا اصولی موقف لینا چاہئے، کل پڑوسی ملک پاکستان پر حملہ کردے تو دنیا میں کوئی ہمارے ساتھ کھڑا نہیں ہوگا۔وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سینئر صحافی و تجزیہ کار نسیم زہرہ اور سلیم صافی سے بھی گفتگو کی گئی۔نسیم زہرہ نے کہا کہ لیٹر گیٹ اسکینڈل پر حکومت کو جیوڈیشل کمیشن بنانا چاہئے، سفیر اسد مجید کے بھیجے گئے مراسلہ میں تحریک عدم اعتماد کا ذکر ہے۔سلیم صافی نے کہا کہ عمران خان کا امریکی سازش کا ڈھنڈورہ جھوٹ کا پلندا ہے، حکومت میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی اپنی اپنی بندر بانٹ میں لگی ہوئی ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی میثاق جمہوریت سے مخلص ہوتی تو پہلے اس سے تائب کیوں ہوتیں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نےکہا کہ عمران خان پونے چار سال وزیراعظم رہے،ایسے موقف لے کر وہ اپنی جگ ہنسائی کروارہے ہیں،عمران خان کو معلوم ہے این ایس سی اعلامیہ میں رجیم چینج اور بیرونی سازش کا ذکر نہیں تھا،عمران خان نے این ایس سی اعلامیہ کو اپنے مطلب کا رنگ دینے کی کوشش کی تو مجبوراً ڈی جی آئی ایس پی آر کو وضاحت کرنا پڑی، حالیہ این ایس سی کی میٹنگ میں خاص طور پر سفیر اسد مجید کو مدعو کیا گیا،اسد مجید نے جواب دیا کہ ان کے کیبل میں کسی بیرونی سازش کا عندیہ نہیں تھا، پریمیئر انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بھی صاف طور پر کہا کہ ایسا کوئی ثبوت یا معلومات نہیں ہیں،ایک سینئر افسر نے میٹنگ میں کہا کہ ہمارے علم میں ایسی کوئی بات آتی تو سازش کو ناکام بنانے کیلئے کام کررہے ہوتے۔ عمران خان کسی ذہنی مفروضے کا شکار ہیں، مجھے ان کی نفسیاتی کیفیت پر شبہ ہورہا ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ این ایس سی میٹنگ میں ہر لحاظ سے نفی ہوئی ہے کہ عمران خان کیخلاف کسی امریکی سازش کا نہ کوئی وجود ہے نہ ثبوت ہے، عمران خا ن نے چھ ہفتے کیلئے تین کلیدی سیکیورٹی مراکز کو لیڈر لیس کردیا تھا، عمران خان نے اپنے منصوبوں کیلئے پاکستان کی سیکیورٹی کو خطرات میں جھونک دیا،اسد مجید، انٹیلی جنس ایجنسیوں سمیت دیگر ذرائع نے تصدیق کی کہ امریکا کی طرف سے رجیم چینج کی کوئی سازش نہیں ہوئی۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیوں کی نظر ہر کسی پر ہوتی ہے، دنیا کی ایجنسیوں کے پاکستان میں کام کرنے والے ایجنٹس بھی ان کے ریڈار پر ہوتے ہیں، اگر کوئی سازش ہو تو لوگ میدان میں اتارے جاتے اور پیسہ تقسیم کیا جاتا ہے، عمران خان نے ٹریپ لگایا تھا الٹا خود اس کا شکار ہوگئے تو امریکی سازش یاد آگئی، عمران خان جس عدالت پر تنقید کرتے ہیں اسی سے جیوڈیشل کمیشن بنانے کو کہہ رہے ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان سفارتی مراسلہ کی کاپی چیف جسٹس کو بھیج چکے ہیں، عدالت اگر اس مراسلہ میں کوئی خطرناک بات دیکھتی ہے تو ازخود نوٹس لے سکتی ہے، عمران خان پاکستان کے کلیدی مفادات، خارجہ پالیسی کے ساتھ کھیل رہے ہیں،عمران خان کی حرکتوں پر پاکستان کے دشمن شادیانے بجارہے ہوں گے، پاکستان کو یوکرین پر جارحیت کی مذمت کا اصولی موقف لینا چاہئے، کل انڈیا اگر پاکستان پر حملہ کردے تو دنیا میں کوئی ہمارے ساتھ کھڑا نہیں ہوگا۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران فارن فنڈنگ کیس میں ممکنہ فیصلے سے ڈرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو متنازع کرنا چاہتے ہیں، امریکا میں فارن فنڈنگ کیسوں کی تحقیقات میں قانونی کارروائی کی پیش بندی کے طور پر عمران خان نے سازش کا بیانیہ گھڑ لیا ہے، عمران خان اگر سڑکیں ناپنا چاہتے ہیں تو ہم نے بڑی سڑکیں بنائی ہیں ناپیں اور مارچ کریں،عمران خان تو دعاگو تھے کہ کاش ان کے خلاف عدم اعتماد آئے۔سینئر صحافی و تجزیہ کار نسیم زہرہ نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاسوں اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس میں عمران حکومت کیخلاف سازش کی بات نہیں کی گئی، سفیر اسد مجید کے بھیجے گئے مراسلہ میں تحریک عدم اعتماد کا ذکر ہے، متحدہ اپوزیشن نے سات آٹھ فروری کو تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ کرلیا تھا، یہ کہنا کہ سات مارچ کو مراسلہ آیا اور آٹھ مارچ کو تحریک عدم اعتماد آئی اس کا مطلب امریکا اس کے پیچھے تھا یہ بات غلط ہے۔
اہم خبریں سے مزید