• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران سے بجلی کی فراہمی معطل، مکران کے تینوں اضلاع تاریکی میں ڈوب گئے

کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ترجمان نے کہا ہے کہ اتوار کی رات 12:05 منٹ پر ہمسایہ ملک ایران کی جانب سے132kV جیکی گور مین ٹرانسمیشن لائن بند ہو گئی جس کے نتیجے میں مکران کے تینوں اضلاع کے مند،تُمپ،تربت، ہوشاب، پنجگور، پسنی، اورماڑہ، جیونی،گوادرانڈسٹریل،گوادر ڈیپ سی پورٹ اور گوادر گرڈاسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ اس دوران کیسکو حکام کی جانب سے رابطہ کرنے پر ایرانی حکام نے بتایا کہ فنی خرابی اور مرمتی کام کے سلسلے میں بجلی بند کی گئی ہے اور فنی خرابی کی درستگی اورمرمتی کام مکمل ہوتے ہی بجلی دوبارہ بحال کر دی جائے گی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ فنی خرابی کی درستگی اور مرمتی کام مکمل ہونے کے بعدہمسایہ ملک ایران کی جانب سے 132Kvجیکی گور۔مند ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی اتوار کے روز شام4بجے بحال ہوگئی اورابتدائی طور پر ایران کی جانب سے صرف30میگاواٹ بجلی فراہم کی گئی تاہم شام 6بجکر35منٹ پر مکمل طور پر 100میگاواٹ کی فراہمی دوبارہ شروع ہوگئی جسکے بعدمکران کے تینوں اضلاع تُربت،گوادر اور پنجگور کے تمام علاقوں کو بجلی کی سپلائی مکمل طور پر بحال ہوگئی ہے اور اب مکران کے تمام علاقوں کو معمول کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری ہے۔
اہم خبریں سے مزید