اسلام آباد (اے پی پی)سپریم کورٹ نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی) ڈاکٹر طارق بنوری کی بحالی کے فیصلے کیخلاف وفاقی حکومت کی جانب سے دائر اپیل پر سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی مختصر التوا کی درخواست پر غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی ۔منگل کو چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سر براہی میں تین رکنی بینچ نے چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری کی بحالی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف وفاقی حکومت کی جانب سے دائر اپیل پر سماعت کی ۔ دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ مجھے ہدایات دی گئی ہیں کہ وفاقی حکومت مزکورہ اپیل واپس لینا چاہتی ہے،ڈاکٹر طارق بنوری کی بحالی کیخلاف اپیل واپس لینے کی سمری بھیجوا دی گئی ہے، عدالت سے درخواست ہے کہ وفاق کی جانب سے حتمی منظوری تک معاملہ کی سماعت ملتوی کی جائے،ڈاکٹر طارق بنوری رواں سال مئی کے آخر میں ریٹائر ہو جائیں گے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے اس موقع پر ریمارکس دئیے کہ ڈاکٹر طارق بنوری کی تو ریٹائرمنٹ قریب ہے کیس خود ہی غیر موثر ہو جائے گا۔ اس دوران ایچ سی سی کے رکن ڈاکٹر عطا الرحمن کے وکیل انور منصور نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کے موکل ڈاکٹر عطا الرحمن سے متعلق سخت آبزرویشنز دے رکھی ہیں۔