اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے یکم مئی سےملک میں لوڈ شیدنگ مکمل ختم کرنےکی ہدایت کردی۔شہبازشریف کی زیر صدارت بجلی کی اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر ہنگامی اجلاس ہو ا جس میں پاورڈویژن کے حکام نے بریفنگ دی ۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ایک سال سے زائد بند پڑے 27 بجلی گھروں میں سے20 کو فعال کردیا گیا ہے اور 20بجلی گھروں کے دوبارہ چلنے سے بجلی کی پیداوار بڑھی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ حکومت نے 4 سال میں بجلی گھروں کیلئے ایندھن نہیں خریدا لیکن موجودہ حکومت نے دو ہفتے میں ایندھن کا انتظام کیا‘بجلی گھروں سے بجلی کی پیداوار بڑھاکر لوڈ شیڈنگ کاسدِباب بھی کیاجارہا ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی قوا عد و ضوابط کے مطابق کریں گے۔
گزشتہ روزصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تقرری آئین کا تقاضا ہے اس لئے جب وقت آئے گا تو تعیناتی قوا عد و ضوابط کے مطابق کی جائے گی.
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے خلاف بات اور سازش کرنے کی آئین میں سخت سزا ہے، اگر ایسا ہوا تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، لیٹر گیٹ پر کمیشن بنانے کا سوچ سکتے ہیں۔ ہماری خواہش تھی پی ٹی آئی استعفے نہ دیتی۔ پی ٹی آئی استعفے دے چکی ہے۔
اب قوا اعد کے مطابق فیصلہ ہوگا۔ آئینی پرا سیس جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ریفارمز پر بات کیلئے تحریک انصاف پارلیمنٹ میں آئے، عمران خان ملک کا دیوالیہ کر گئے ہیں۔معیشت کی حالت گمبھیر ہے۔ حالت بیان نہیں کی جا سکتی۔
لوڈشیڈنگ کی وجہ صرف بروقت ایندھن منگوانا تھا۔ملک تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت مندانہ احتساب ضروری ہے۔انتقام لفظ ہمارے لغت میں نہیں ہے ، لیکن قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ فرح گوگی کے معاملے کے حقائق سب کے سامنے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے دورے کے دوران سعودی قیادت سے ملاقات ہوگی ۔