اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیراسد عمر کی جرمانے کیخلاف اپیلوں پر سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی ۔ منگل کو معاون وکیل پی ٹی آئی نے کہاکہ ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن حکم کیخلاف رٹ چل رہی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ کیا ہائیکورٹ نے کارروائی پر حکم امتناع دیا ہوا ہے؟ ۔معاون وکیل نے کہاکہ نئے اٹارنی جنرل کی عدم تعیناتی کی وجہ سے سماعت مئوخر ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ آخری موقع دے رہے ہیں، آئندہ سماعت پر دلائل نہ دئیے تو اپیلیں خارج کر دینگے۔ معاون وکیل عمران خان نے کہاکہ مناسب ہوگا پہلے ہائیکورٹ کو فیصلہ کرنے دیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ یہ آپ کا موقف ہے کمیشن اپنی کارروائی جاری رکھے گا۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے عمران خان اور اسد عمر کی اپیلوں پر سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی،عمران خان اور اسد عمر کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 50 50 ہزار جرمانہ کیا گیا تھا۔