راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)راولپنڈی کی ڈویژنل انتظامیہ نے موٹروے پر ٹریفک رش کم کرنے اور گرین ایریا کے تحفظ کیلئے غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں کیلئے رسائی پر پابندی لگانے کی سفارش کردی ۔باخبرذرائع کے مطابق راولپنڈی ،اٹک اور چکوال میں498غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیوں کا انکشاف ہوا ہےجس میں سے318 راولپنڈی،98اٹک اور 12چکوال میں ہیں۔کمشنر راولپنڈی نے سیکرٹری وزارت مواصلات کو بھجوائے گئے مراسلے میں گرین ایریا کو تباہی سے بچانے کیلئے ان سوسائٹیوں کی موٹروے رسائی پر پابندی کی سفارش کی ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے گرین ایریا کو محفوظ بنانے کیلئے ہدایات جاری کی ہیں جس کے بعد مراسلہ وزارت مواصلات کو بھجوایا گیا ہےاور درخواست کی گئی ہے کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ لینڈ یوز پلان رولز2020پر عملدرآمد نہ کرنے والی سوسائٹیوں کو موٹروے ایم ون اور ایم ٹو سے رسائی کیلئے دی گئی درخواستوں پر کوئی اجازت نہ دی جائےاور اگر کسی کو اجازت نامہ جاری بھی کیا گیا ہے تو اس کو منسوخ کردیا جائے۔ذرائع کے مطابق غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیاں موٹر وے رسائی کے لئے جاری احکامات کو اپنے کارروبار کیلئے استعمال کرکے عوام کو گمراہ کرتی ہیں۔