کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان آئندہ سال پہلے 40سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کے ویٹرنز کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔ ٹورنامنٹ کے میچ 45اوورز فی اننگز پر مشتمل ہوں گے۔ توقع ہے شاہد آفریدی، یونس خان، شعیب ملک، محمد حفیظ جیسے کھلاڑی پاکستان ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ بدھ کو چیئرمین پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن فواد اعجاز خان نے اعلان کیا کہ ایونٹ کراچی میں اگلے سال23ستمبر سے8اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔جس میں14ٹیمیں شریک ہوں گی۔ ان میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقا، سری لنکا، کینیڈا، امریکا، زمبابوے، ویلز، نمیبیا، متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔کچھ میچ ڈےاینڈنائٹ بھی ہوں گے۔ پاکستان ٹاپ فیورٹ ہو گا۔ یہ پہلی بار ہو گا کہ اتنے زیادہ کرکٹ کھیلنے والے ممالک پاکستان میں کھیل رہے ہوںگے۔ ورلڈ سینئرز، ویٹرنز کرکٹ باڈی 2018میں تشکیل دی گئی۔2018میں سڈنی میں50سے زائد ویٹرنز ورلڈ کپ کا افتتاح ہوا تھا جس میں پاکستان رنرز اپ رہا۔