کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان دنیا کا پہلا پاگل ہے جسے اس بات پر مرچیں لگ رہی ہیں کہ ادارے اپنی آئینی حدود میں کیوں ہیں .
لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو پارلیمنٹ نے اٹھاکر باہر پھینکا، نواز شریف نے لندن میں بیٹھ کر اس کی حکومت ختم کردی، اس کی سیاست کو بھی دفن کردے گا .
عمران خان توشہ خور، توشہ چور ہے، توشہ خور، خط چھوڑ کارکردگی بتا، رپورٹ کارڈ دکھا، عمران اگلا الیکشن فکس کرنے کے خواہشمند تھے، ن لیگ الیکشن سے خوفزدہ نہیں، دھمکیاں کام نہیں آئیں گے ،اگلی تقرریوں کا فیصلہ میرٹ پر ہی ہوگا، اقتدار سے نکلنے والے دھاڑیں مار رہے ہیں، یہ جلد دھمکی آمیز جھوٹا خط دکھا کر چوک، چوراہوں پر بھیک مانگیں گے.
انہوں نے کہا کہ سازش ہمیشہ کامیاب لوگوں کے خلاف ہوتی ہے، نا اہلوں کے خلاف نہیں، عمران نیازی نے آئین پر خود کش حملہ کیا، اسی لیے عدالتیں رات بارہ بجے کھلیں.
مریم نواز نے کہا کہ کارکنوں کے جذبے اور ہمت کو سلام، کھوکھر برادران کی وفاداری کو سلام، مجھے یاد ہے کھوکھر ہاؤس کی دیواروں کو توڑا گیا تھا، کھوکھر برادران نے انتقام کے باوجود نواز شریف کا ساتھ نہ چھوڑا، عمران جیسے نا اہل سے پاکستان کے عوام کی جان چھوٹ گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمیشہ سے جھوٹ بولتا ہے، اس کا نام جھوٹوں کا بادشاہ ہونا چاہیے، عوام اس کے جھوٹوں کے مقابلے میں سچ سننا چاہتے ہیں، ہر حلقے میں جا کر اس کا اصل چہرہ دکھائیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہمیں کہتا تھا گھبرانا نہیں ہے، جب سے اقتدار گیا خود دھاڑیں مار مار کر روتا ہے، پچاس لاکھ گھر مکمل نہیں ہوئے، صرف زمان پارک کا گھرمکمل ہوا، جب آخری اوور کا موقع آیا تو یہ پویلین سے باہر ہی نہیں نکلا، میدان چھوڑ کر الٹے پاؤں بھاگ گیا، مقابلہ کرنے کے لیے اس نے اپنے غنڈوں کو بھیجا، قومی اسمبلی، پنجاب اسمبلی میں غنڈہ گردی کی گئی، غنڈہ گردی سے میرا سرشرم سے جھک گیا.
ان کا کہنا تھا کہ آخری دنوں میں اس نے آئین کی دھجیاں اڑائیں، تمہارے لیے بارہ بجے عدالتیں اس لیے کھلیں کیونکہ تم نے آئین پر خودکش حملہ کیا تھا، تمہارے ذاتی ملازم صدر، اسد قیصر، قاسم سوری، گورنر پنجاب نے حلف سے غداری کی، اس لیے بارہ بجے عدالتیں کھلی تھیں، کل نہیں تو پرسوں حمزہ شہباز حلف اٹھا کر رہے گا، تمہارا خیال تھا عدالتیں تمہارا منہ دیکھتی رہیں گی، شکر کرو ابھی عدالت نے فیصلہ دیا تمہیں سلاخوں کے پیچھے نہیں پھینکا، انہوں نے کہا کہ تمام حربے ناکام ہوگئے تو جعلی خط اٹھا کر لے آیا، قومی سلامتی کمیٹی سے منہ توڑ جواب ملا، اس کی سازشی خط کی ٹیں، ٹیں سن کر دماغ پک گیا ہے.
سازش تو نواز شریف کے خلاف ہوتی ہیں، کیا عمران خان جیسے ناکام شخص کے خلاف کسی کو سازش کی ضرورت ہے، اگلے بائیس سال یہ سازشی خط لیکر پھرتا رہے گا، یہ اب چوکوں میں سازشی خط دکھا، دکھا کر پیسے مانگا کرے گا.
توشہ خان، توشہ خور خط چھوڑ کر کارکردگی دکھاؤ، سازش چھوڑ اپنی رپورٹ کارڈ دکھاؤ، توشہ خان، توشہ چور سے عوام نے آٹا، چینی مانگی تو کہا ابسولیٹلی ناٹ، بڑی سنگدلی سے کہتا تھا آلو، ٹماٹر کا ریٹ بتانے نہیں آیا، بنی گالہ سے وزیراعظم ہاؤس تک عوام کی ٹیکس کی کمائی کا ایک ارب پھونک دیا،پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ یہ بول رہا ہو تو آواز بند کر دیتی ہوں۔