اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے پر کسی قسم کی قدغن کے حق میں نہیں، اب نہ کوئی چینل بند ہوگا، نہ کوئی پروگرام اور نہ کوئی اخبار، ہم آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتے ہیں، فیک نیوز کے خاتمے کیلئے عملی کوششوں کی ضرورت ہے، وزیراعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے حوالے سے بھی فیک نیوز چلائی گئی، وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب ذاتی خرچ پر ہو رہا ہے، صرف 13 ارکان وزیراعظم کے وفد میں شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت سینیٹر فیصل جاوید نے کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات کے علاوہ کمیٹی کے ارکان اور وزارت اطلاعات کے حکام نے شرکت کی۔ قائمہ کمیٹی نے مریم اورنگزیب کو وفاقی وزیر اطلاعات کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وزارت اطلاعات کے حکام نے ’’ڈیجیٹل ریڈیو مائیگریشن‘‘ پراجیکٹ کے بارے میں کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اداروں میں وقت کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی ناگزیر ہے۔