راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)مری میں سیاحوں کی حفاظت اورراہ نمائی کیلئے ٹورسٹ فورس تشکیل دیدی گئی ،ذرائع کے مطابق ایک انسپکٹر،3 اسسٹنٹ سب انسپکٹروں ،85کانسٹیبلوں اورچار اسپ سواروں پرمشتمل مری ٹورسٹ فورس کا افتتاح ہفتہ کو ہوگا،اس حوالے سے راولپنڈی پولیس نے تیاریاں مکمل کرلیں ،ایس پی کوہسار ڈویژن حیدر علی کی سپرویژن میں کام کرنے والی ٹورسٹ فورس کے انچارج انسپکٹرگل خطاب ہونگے ۔ ابتدائی طور پراس فورس کو دوگاڑیاں ،دس موٹرسائیکل اورایک ٹورسٹ کوسٹراورچارگھوڑے دئیے جائینگے ، ٹورسٹ فورس کے جوانوں کو پہننے کیلئے سپیشل ریفلیکٹر جیکٹس دی جائینگی ۔ذرائع کاکہناہے کہ ٹورسٹ فورس کے جوان گلڈنہ چوک ،سنی بنک چوک ،جھیکاگلی ،جی پی اوچوک ،مرحباچوک ،پنڈی پوائنٹ ،اورکشمیرپوائنٹ میں پٹرولنگ کرینگے ،جب کہ سیاحوں کیلئے کوسٹرسروس جھیکاگلی سے چلے گی ،ٹورسٹ فورس کاکام ملکہ کوہسارمری آنے والے سیاحوں کی حفاظت اوربوقت ضرورت ان کی راہ نمائی کرناہوگا۔