• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی ولی عہد کی دعوت، شہباز شریف 3 روزہ دورہ پر مدینہ پہنچ گئے، اقتصادی و تجارتی روابط، سرمایہ کاری، پاکستانیوں کیلئے زیادہ روزگار پر بات چیت کریں گے

اسلام آ باد، مدینہ منورہ(شاہد نعیم… خبر ایجنسیاں) سعودی ولی عہد کی دعوت پرشہباز شریف 3روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے.

 اقتصادی و تجارتی روابط،سرمایہ کاری ،پاکستانیوں کیلئے زیادہ روزگار پر بات چیت کریں گے،ان کے ہمراہ بلاول بھٹو ،مفتاح اسماعیل، شاہزین بگٹی،مریم اورنگزیب، خواجہ آصف،سالک حسین،خالد مقبول،محسن داوڑ اور طاہر اشرفی بھی تھے.

ایئر پورٹ پر گورنر مدینہ فیصل بن سلمان آل سعود نے استقبال کیا،وزیر اعظم کایہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے،انہوں نے روضہ رسول ﷺپر حاضری دی،عمرہ کی سعادت بھی حاصل کرینگے.

 دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب باہمی دلچسپی، علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کرینگے،پاکستان کو 8ارب ڈالر زتک کا ریلیف پیکیج بھی ملنے کی امید ہے، وزیر اعظم شہباز کا کہنا ہے کہ مشکل کی ہر گھڑی میں حمایت پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔

 تفصیلات کےمطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہبازشریف سعودی عرب کے تین روزہ اعلیٰ سطحی سرکاری دورے پر مدینہ منورہ پہنچ گئے.

گورنر مدینہ فیصل بن سلمان السعود نے اعلیٰ سعودی حکام کے ہمراہ ہوائی اڈے پر وزیر اعظم کا استقبال کیا،وفاقی وزراء بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسماعیل، نوبزادہ شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ محمدآصف، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

 دورے کے دوران وزیراعظم ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں اقتصادی و تجارتی روابط کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

وزیراعظم نے مسجد نبویﷺ میں نماز ادا کی اورروضہ رسول ﷺ پر حاضری بھی دی،وزیراعظم شہبازشریف نماز تراویح اور قیام اللیل میں بھی شریک ہوئے، وزیراعظم شہبازشریف عمرہ کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ بھی جائینگے۔

 اس دورے کے موقع پر دونوں دوست ممالک باہمی دلچسپی کے امور خاص طور پر متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

جمعرات کو دورہ سعودی عرب پر روانگی سے قبل اپنے ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد بطور وزیراعظم پہلا دورہ سعودی عرب کررہا ہوں.

 یہ دورہ اس تاریخی تزویراتی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے جو پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے خصوصی تعلقات کو دیتا ہےجن کی بنیادیں مضبوط باہمی اعتماد اور باہمی تعاون پر استوار ہیں،میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے بخوشی اس دورے کی دعوت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب گہرے اور پائیدار برادرانہ رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں جن کی مضبوط بنیادیں باہمی اعتماد اور باہمی تعاون پر استوار ہیں، پاکستان کے عوام خادم الحرمین الشریفین کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،ہم مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کی مسلسل حمایت پر سعودی عرب کے تہہ دل سے مشکور ہیں،پاکستان نے ہمیشہ سعودی عرب کا ساتھ دیا اور آئندہ بھی ہر موقع پر اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ 

اہم خبریں سے مزید