کراچی (اسٹاف رپورٹر) فاسٹ بولرحسن علی میں کرنٹ دوڑنے لگا، انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں شاندار فارم کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعرات کو ہیمپشائر کے خلاف 45رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے اور حریف ٹیم کو246رنز پر آئوٹ کردیا۔ گذشتہ میچ میں انہوں نے لنکا شائر کے لئے میچ میں 9وکٹ حاصل کئے تھے۔ شاہین شاہ آفریدی نے2019کے ورلڈ کپ میں ہوم آف کرکٹ لارڈز میں بنگلہ دیش کے خلاف پانچ وکٹیں حاصل کیں تھیں اب وہ کائونٹی میچ دس وکٹیں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ جمعرات سے لارڈز میں شاہین آفریدی کی ٹیم ایسسکس، لیسٹر شائر کے خلاف میچ کھیل رہی ہے۔ شاہین نے چھ اوورز کے پہلے ہی اسپیل میں تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کردیا۔ ایک موقع پر وہ ہیٹ ٹرک پر بھی تھے۔ اوپنرشان مسعود گلمورگن کے خلاف 60رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ وہ کائونٹی کرکٹ میں دو ڈبل سنچریاں اور تین نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔ محمد عامر کی کائونٹی چیمپئن شپ میں تین سال بعد واپسی ہوئی ہے۔ و ہ نسیم شاہ کی جگہ گلاسٹر شائر کیلئے کھیلیں گے۔ شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ لارڈزمیں کھیلنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے ۔ اپنے ملک کے لیے لارڈز میں کھیلنے کے جذبات ناقابل بیان تھے۔ ورلڈکپ 2019میں اپنے ملک کی نمائندگی بنگلہ دیش کے خلاف کر چکاہوں۔ کاؤنٹی چیمپئن شپ میچ میں موجود اسکول کے طلباء کی جانب سےبھرپور استقبال ملا۔ شاہین شاہ آفریدی کے لیے دو ہزار اسکول کے طلباء کے نعروں سے گونج اٹھا۔ کائونٹی کے چوتھے رائونڈ میں حارث رؤف یارک شائر، حسن علی لنکاشائر، محمد عباس ہیمپشائر، اظہر علی ووسٹر شائر، محمد رضوان سسکس ، شان مسعود ڈاربی شائر سے کھیل رہے ہیں۔