مدینہ (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دورہ سعودی عرب کے دوران عوام کو انشا ﷲ خوش خبری ملے گی،ہم مدینہ کی پاک سرزمین کو سیاست کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہتے.
مدینہ منورہ میں حاضری کے بعد جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بعض افراد کی جانب سے نعرے لگانے کے حوالے سے کہا کہ میں یہ کہوں گی کہ یہ خاص گروپ تھا.
اس کے علاوہ بہت سے لوگ جن میں خواتین بچےبوڑھے جوان شامل ہیں وہ سب ہمارے لو گ ہیں ان کو مسجد نبویﷺ کی جو اہمیت ہے جو پاکیزگی ہے وہ اس کا خیال ہے اور ہمارے لوگ وہاں خاموشی کے ساتھ ہمیں ہاتھ ہلا رہے تھے اور یہ خاص گروہ ہے لیکن میں نے اس وقت کیونکہ مسجد نبوی میں پہلی دفعہ قدم رکھا تھا تو میں نے ان سب کے لیے ہدایت کی دعا کی ۔
قبل ازیں مسجد نبوی ﷺ میں بعض افراد نے حکومتی وفد کے رکن سے بدسلوکی اور نعرے بازی کی اور عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
اس واقعہ کی ویڈیوز تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئیٹر پر بھی شیئر کی گئیں۔ رات گئے سعودی حکام نے تقریباً 150 سے زائد افراد کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش شروع کردی۔