ملتان (سٹاف رپورٹر) شاہ ٹاؤن پیراں غائب روڈ کے رہائشیوں نے پولیس تھا نہ نیوملتان کے ایس ایچ او ،دیگر اہلکاروں اور تھانہ سیتل ماڑی کی جانب سے بے گناہ شہری کے گھر پر دھاوے،مرد وخواتین ،بچوں پر تشدد ، توڑ پھوڑ ،مبینہ لوٹ مار کے خلاف احتجاج کیا اور اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ اس پولیس گردی کا نوٹس لیا جائے ،بصورت دیگر اہل علاقہ راست اقدام کریں گے ،ان کا کہنا تھا کہ تھانہ نیوملتان کے ایس ایچ او نے دیگرپولیس ملازمین کے ہمراہ چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا اور ایک شریف آدمی ،جس کا کسی معاملہ سے لینا دینا نہیں ہے کی پوری فیملی کی اس طرح بے توقیری کرنے پر پر اہل علاقہ میں تشویش اور غم وغصہ پایا جاتا ہے اور وہ اس کھلی زیادتی پر سراپا احتجاج ہیں ،اہل علاقہ عاطف ، مختار احمد ، محمد فیصل ، جہانگیر ، ابراراحمد،ملک اسلم ، جنید احمد ، عبدالحفیظ ، عمران بھٹی نے انتباہ کیا کہ اگر مذکورہ واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف فوری ایکشن نہ لیا گیا ،تو ایڈیشنل آئی جی ، آرپی او اور سی پی او آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ ، دریں اثناء پولیس گردی کا شکار شاہ ٹاؤن کے رہائشی محبوب عالم خان نے اپنی والدہ عابدہ بی بی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 23اپریل کو وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھر میں موجود تھا کہ ایس ایچ او نیوملتان سعیداحمد دیگر ملازمین کے ہمراہ زبردستی ان کے گھر گھس آئے اور آتے ہی بدتمیزی اور مار پیٹ شروع کردی۔دریں اثناء آرپی او ملتان نے متاثرہ فیملی کی درخواست پر معاملہ کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے ، ایس ایس پی آپریشن کو انکوائری افسر مقرر کرتے ہوئے معاملہ کی چھان بین کرکے فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔