اسلام آباد(آئی این پی، جنگ نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان بیرونی سازش اور دھمکی آمیزمراسلے کی تحقیقات کیلئے صدر مملکت اور چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھا ہے.۔
دوسری جانب ٹوئٹر پر جاری بیان میں انہوں نے مئی کے آخری ہفتے میں موجودہ حکومت کیخلاف مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جو پرائم منسٹر بنا ہے اسے کرائم منسٹر کہتے ہیں، یہ ملک کی توہین ہیں، اس لیے میں چاہتا ہوں ابھی سے سب تیاری کریں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے بیرونی سازش اور دھمکی آمیز خط کے حوالے سے صدر مملکت کو بذریعہ مراسلہ عوامی تحقیقات کی استدعا کی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاکستانی سفیر کے موصول ہونے والے مراسلے کی تحقیقات کیلئے صدرِ مملکت عارف علوی اور چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا ہے۔
عمران خان نے کہا ہے کہ عوام سچ جاننا اور تبدیلءاقتدار کی بیرونی سازش میں ملوث کرداروں کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں جبکہ ایوانِ صدر اور عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے معاملے پر خاموشی سے عوام میں شدید مایوسی پھیل رہی ہے۔