حمزہ شہباز سرمئی رنگ کی شیروانی میں خوش وخرم نظر آئے،مریم نوازکیساتھ ایک ہی گاڑی میں گورنر ہائوس پہنچے حلف برداری تقریب میں چینی قونصل جنرل اور اسٹاف کی بھی شرکت
لاہور ( پرویز بشیر )حمزہ شہباز حلف برداری کی تقریب میں سرمئی رنگ کی شیروانی میں خوش وخرم نظر آئے تاہم حلف اٹھاتے ہوئے عینک لگا کر سنجیدہ انداز میں حلف پڑھا۔٭ہائیکورٹ نے حلف اٹھانے کا وقت 11-30دیا تھا لگ بھگ چار پانچ منٹ کے فرق سے تقریب شروع ہو گئی تھی۔ ٭ ماڈل ٹائون سے حمزہ شہباز اور مریم نواز ایک ہی گاڑی میں گورنر ہائوس پہنچے حمزہ شہباز خود گاڑی چلا کر یہاں آئے کیپٹن صفدر بھی ان کے ہمراہ تھے۔٭مہمانوں کی آمد صبح دس بجے سے شروع ہوگئی محتاط صحافی موبائل فون کے ذریعے تازہ خبریں معلوم کرتے رہے کچھ صحافیوں اور شک کرنے والے افراد جب تک حلف کی تقریب مکمل نہیں ہو گئی بے چین اور مضطرب رہے٭کبھی خبر آئی کہ عثمان بزدار نے کابینہ کا اجلاس بلاکر اہم فیصلے کئے کبھی یہ خبر آئی کہ اسمبلیوں کی تحلیل کا فیصلہ کیا جا رہا ہے عدالت کی جانب بھی نظر رکھی گئی کہ وہاں سے کوئی خبر نہ آ جائے۔٭ایک آخری مرحلہ گورنر ہائوس کی جانب سے و زیر اعلیٰ کے نوٹیفکیشن کا تھا تاہم گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نے نوٹیفکیشن جاری کرکے تمام رکاوٹیں دور کر دیں۔٭تقریب میں ایک ہزار مہمانوں کا انتظام کیا گیا تھا لیکن ہوتے ہوتے یہ تعداد پندرہ سو کے قریب ہو گئی۔