پشاور(نمائندہ خصوصی)میاں حمزہ شہباز کے وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھانے پر خیبر پختونخوا میں خوشی کی لہر دوڑ گئی مسلم لیگ کے کارکنوں کی طرف سے مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ پاکستان مسلم لیگ لائرز فورم کے صوبائی سرپرست اعلیٰ بابائے وکلا عالم زیب خان ایڈوکیٹ مسلم لیگ کے صوبائی نائب صدر خانم اللہ خان ایڈوکیٹ ضلع پشاور کے صدر راشد محمود خان بابوزئی پشاور سٹی ڈسٹرکٹ کے صدر ملک ندیم خان ضلع نوشہرہ کے صدر صاحبزادہ حمزہ پرویز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدمت و شرافت کی سیاست سے میاں محمد نواز شریف ملک کے سب سے زیادہ مقبول و ہردلعزیز سیاستدان بن چکے ہیں۔ میاں نواز شریف عوام کی حمایت سے تین بار وزیراعظم منتخب ہوئے اور میاں شہباز شریف تین بار وزیراعلیٰ اور اب بار وزیراعظم منتخب ہوچکے ہیں مرکز کے بعد پنجاب سے بھی تبدیلی سرکار کا بوریا بستر گول ہونے سے واضح ہو گیا ہے کہ پی ٹی آئی کا سیاسی زوال شروع ہو گیا ہے عوام نے محاذ آرائی کی سیاست کو مسترد کرکے مسلم لیگ کا ساتھ دینے کا تہیہ کر لیا ہے۔