• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف اور امیر قطر کا رابطہ، مل کر کام کرنے پر اتفاق

اسلام آباد(خبرایجنسیاں،مانیٹرنگ نیوز، جنگ نیوز) شہبازشریف اور امیر قطر کا رابطہ، ملکر کام کرنے پر اتفاق، وزیراعظم کی شیخ تمیم بن حمد الثانی کو دورہ پاکستان کی دعوت ، بحرینی شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے دوطرفہ تعلقات ،ترک صدر طیب اردوان نےتمام شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کےعزم کا اعادہ کیا ہے۔ 

تفصیلات کےمطابق وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا قطر کے امیر سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، وزیراعظم نے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کوعیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دی جبکہ شہباز شریف نے قطر کے برادر عوام کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

سیاسی اور اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے کا عزم کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا،قطر کے امیر نے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان موجود مضبوط سیاسی اور اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے کا عزم کیا،وزیراعظم نے قطر کے امیر کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ 

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کو فون کر کے عید الفطر کی مبارکباد دی اور بحرین کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،اس موقع پر وزیراعظم نے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کےساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، پاکستان کےساتھ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کےعزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

دوسری جانب شہباز شریف نے ترک صدر طیب اردوان کو ٹیلیفون کرکے عید الفطر کی مبارکباد دی، ترک حکومت، قیادت اور عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ترک صدر نے شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پرمبارکباد دی، دونوں ممالک کی قیادت نے دوطرفہ مثالی تعلقات پر اطمینان اظہار کرتے ہوئے تمام شعبوں میں باہمی تعاون کے مزید فروغ کےعزم کا اعادہ کیا۔

اہم خبریں سے مزید