کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر احسان الرحمان مزاری نے کہا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز، اسلامک گیمز میں فیڈریشن کا کوئی بھی عہدے دار بطور آفیشل کھلاڑی کے ساتھ نہیں جائے گا،صرف اصل کوچ کو ہی کھلاڑی یا ٹیم کے ساتھ رکھا جاسکتا ہے۔ اداروں میں کھیلوں کی ٹیموں کو بحال ہونا چاہئے، وزیر اعظم سے ملاقات کر کے اس متعلق قدم اٹھائیں گے، کرکٹ بورڈ سمیت کسی بھی فیڈریشن میں فی الحال کوئی تبدیلی کا ارادہ نہیں ، فیڈریشنوں کے عہدے داروں سے ملاقات میں اگلے چار اہم مقابلوں کے لئے کھلاڑیوں کی تیاریوں، مشکلات اور دیگر ایشوز پر تبادلہ خیال کیا ، فیڈریشنوں سے کہا کہ سب سے پہلے وہ ان کھلاڑیوں پر فوکس کریں جن سے میڈلز کی توقعات ہو، حکومت ان کھلاڑیوں کو ٹریننگ کی سہولت بھی فراہم کرے گی ۔