• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی ہاکی ٹیم کا یورپ کا دورہ مکمل، وطن واپسی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستانی ہاکی ٹیم یورپ کا دورہ مکمل کرکے جمعرات کو براستہ استنبول ،لاہور کے لئے روانہ ہوگئی ہے۔پاکستانی ٹیم نے دورہ یورپ میں ہالینڈ، بیلجیم، اسپین کے خلاف5 میچز کھیلے جس میں 2 میچز جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔سوشل میڈیا پر جاری بحث میں یہ کہا جارہا ہے کہ پاکستان کے مقابلے میں یورپ کی قومی ٹیمیں نہیں کھیلی ہیں۔کپتان عمر بھٹہ نے بیان میں کہا کہ دورہ یورپ سے ایشیا کپ کی اچھی تیاری کا موقع ملا۔ ہالینڈ، بیلجیم اوراسپین کے خلاف پرفارمنس سے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ بھارت،جاپان اورملائیشیا جیسی ٹیموں کوہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ تمام کھلاڑیوں کواحساس ہے کہ ایشیا کپ اہم ٹورنامنٹ ہے جس میں 4 بہترین ٹیموں میں شامل ہونے کے بعد ہی ورلڈ کپ میں جگہ بنا سکیں گے۔ پاکستانی ہاکی ٹیم کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنے کے لیے جتنے زیادہ میچز کھیلنے کو ملیں گے، اتنا ہی پرفارمنس کا گراف اوپر جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ روانگی سے پہلے لاہور میں چند روز کا کیمپ شیڈول کیاگیاہے جس میں چیزوں کو بہتر کرنےپر توجہ دی جائے گی۔ ہیڈکوچ ایکمین کے ساتھ چیزوں کو ڈسکس کیاہے گول کیپنگ اور پنالٹی کارنر کے شعبے میں بہتری نظر آئی ہے۔عمر بھٹہ نےکہا کہ کھلاڑیوں کےپاس نوکریاں نہیں رہیں مالی مشکلات کے باوجود کھلاڑی جذبے کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔اگر انہیں معاشی مشکلات سے چھٹکارا مل جاتاہے تو یہ مزید فوکس ہوکر کھیلیں گے۔حکومت سےاپیل ہےکہ وہ کھلاڑیوں کے روزگار کے حوالے سے بھی جلد قدم اٹھائے۔

اسپورٹس سے مزید