لاہور، لالہ موسیٰ(نمائندہ جنگ،نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آزادی صحافت کے عالمی دن پر صحافیوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ درست اطلاع تک عوام کی رسائی مضبوط جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔ پیپلز پارٹی نے آزادی تحریر و تقریر پر کبھی بھول کر بھی سمجھوتہ نہیں کیا، اور نہ ہی آئندہ کبھی کرے گی انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں میڈیا سے منسلک کارکنان کو اس وقت مشکل حالات کا سامنا ہے۔ تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ انٹرنیٹ تک رسائی اور مواد کو سنسر کرنے کے رجحانات میں اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری جانب فیک نیوز اور انسانیت کے درمیان نفرت بونے والے پراپیگنڈہ پر مبنی مواد کا بھی اضافہ ہو رہا ہے ، وزیر اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے اپنے پیغام میں کہا گزشتہ حکومت نے آزادی اظہار رائے کو دبانے کی ناکام کوششیں کیں لیکن پاکستان کی عوام نے صحافی برادری کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس غیر قانونی،غیر جمہوری اقدام کو روکنے پر حکومت وقت کو مجبور کیا ۔ پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا عمران نیازی حکومت کے دوران پریس کی آزادی کی سالانہ درجہ بندی میں پاکستان کی تنزلی ہوئی۔