• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فارن فنڈنگ کا حساب دینا ہوگا، بے فیض ہوتے ہی عمران حکومت دھڑام سے نیچے آگری، مریم نواز

فتح جنگ (نیوز ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک تقرری کیا ہوئی، عمران خان کی آنکھیں بھی گئیں، کان بھی گئے.

 بے فیض ہوتے ہی عمران حکومت دھڑام سے نیچے آگری ، عمران خان کہتا ہے وہ شخص میری آنکھ اور میرے کان تھا، ہم جانتے ہیں وہ تمہارا آنکھ اور کان نہیں تھا بلکہ تمہارا ہاتھ کا جس سے تم اپنے سیاسی مخالفین کی گردنیں دبوچتے تھے .

 عمران خان کو اپنی حکومت اور کرسی جانے سے زیادہ تکلیف شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر ہے، قوم کو لنگر خانوں میں لگا کر خود توشہ خانہ لوٹتا رہا، فارن فنڈنگ کا حساب دینا ہوگا، ʼ سیاسی دشمنی میں مدینہ میں شہباز شریف کیخلاف نعرے لگوائے.

عمران خان بہن کو بچانے سامنے نہیں آیا لیکن فرخ خان کا ترجمان بنا، ʼپہلے دعائیں جب عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو رونا کیسا، عمران نیازی نے چار سال انتقام پر لگا دیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فتح جنگ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان اب اس تکلیف کی عادت ڈالو جتنی تمہاری زندگی ہے، اس میں اس دکھ کی عادت ڈالو کیونکہ آنے والا دور نواز شریف، شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان تکلیف اس لیے کہ اتنے بڑے غبن اور گھپلے کر کے حکومت سے گیا ہے اور جانتا ہے کہ شہباز شریف ہر آنے والے دن پاکستان کے عوام کے سامنے اسکی نالائقی کی داستانیں پاکستان کے عوام کے سامنے لے کر آئے گا۔

 انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 4 سال نہ خود کام کیا اور نہ دوسروں کو کام کرنے دیا اور انتقام میں لگا رہا اور اپنی حکومت کو بھی انتقام پر لگا دیا جبکہ شہباز شریف کو آئے ہوئے ایک مہینہ ہوگیا ہے آٹا سستا ہوا، چینی سستی ہوگئی، بجلی کے بند کارخانے چلا دیے۔

 ان کا کہنا تھا کہ جب عثمان بزدار جیسی سوغات وزیراعلیٰ پنجاب بنی تھی تو اس نے کہامیرے گاؤں میں بجلی نہیں ہے تو 4 سال بعد عثمان بزدار رخصت ہوا تو پورے پنجاب میں بجلی نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان روز ٹی وی پر آکر نئی کہانیاں سناتا ہے، کبھی سازش اور کبھی جھوٹے خط کا رونا روتا ہے، کبھی کہتا ہے میرے خلاف سازش ہوگئی، وہ خط جس کا وجود ہی نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر روز ایک نیا جھوٹ بولتا ہے، چند دن پہلے کہتا ہے جھوٹا خط مارچ میں آیا تھا اور کل اپنے جھوٹ کا پول خود کھول دیا کہ مجھے پہلے سے پتہ تھا کہ پچھلے سال جولائی میں میرے خلاف سازش ہو رہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ہمیں یہ کہتا رہا کہ میں تو دعا مانگتا ہوں یہ میرے خلاف تحریک عدم اعتماد لے کر آئیں تو جب وہ تحریک کامیاب ہوگئی ہے عمران خان سے پوچھیں اب رونا کس بات کا ہے۔

 سابق وزیراعظم عمران خان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل اس نے سازش کا پتہ خود بتادیا، خود سچ بول دیا، کہتا ہے اصل میں شخص نے میری حکومت سنبھالی ہوئی تھی، جو انٹیلی جنس کا افسر تھا اس کی تبدیلی میں نہیں چاہتا تھا۔

 ان کا کہنا تھا کہ ایک تقرری کیا ہوئی، اس کی آنکھیں بھی گئیں، اس کے کان بھی گئے، یہ گونگا، اندھا اور بہرا بھی ہوگیا، وہ آنکھیں اور کان نہیں تھے بلکہ بیساکھیاں تھیں، جس پر اس کی حکومت کھڑی تھی۔

انہوں نے کہا کہ فرح گوگی کو کھرا اب سیدھا بنی گالا جاتا ہے ورنہ علیمہ باجی کی سلائی مشین کے قصے سنے ہوں گے لیکن اس کو بچانے کیلئے عمران خان نے کبھی بیان نہیں دیا لیکن فرح خان کا ترجمان عمران خان ٹی وی پر آکر کہتا ہے، جس کے بارے میں ان کے وزرا کہتے تھے کون فرح خان ہم نہیں جانتے۔

 سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ لانگ مارچ یا آزادی مارچ نہیں، وہ گوگی بچاؤ مارچ ہے، فرح گوگی کو جانتے ہو؟ فرح خان کا دوسرا نام عمران خان ہے۔

 انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم ہاؤس سے بنی گالا جاتے ہوئے 15 کروڑ کی آرمرڈ بی ایم ڈبلیو اپنے ساتھ لے گیا اور جب اس کی حکومت ختم ہوئی تو اس خیال آیا وزیراعظم میں اور بھی اچھی اچھی گاڑیاں ہیں تو وزیراعظم ہاؤس فون کرکے کہتا ہے جو بی ایم ڈبلیو میں لے کر آیا ہوں وہ خراب ہوگئی ہے مجھے وی ایٹ دے دو لیکن انہوں نے کہا کہ اب کوئی وی ایٹ نہیں ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جانتا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے والا ہے، جس میں کروڑوں اور اربوں روپے غلط طریقے سے بیرون ملک سے پاکستان میں اپنے ملازموں کے اکاؤنٹ میں لے کر آیا، عارف نقوی باہر پکڑا گیا ہے، اس سے انہوں نے لاکھوں ڈالر لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں ڈالر اور پیسے بناؤں تم، بیرون ملک لوگوں سے غلط طریقے سے پیسے تم لے کر آؤ اور استعفے الیکشن کمیشن آف پاکستان دے، وہ چیف الیکشن کمشنر جن کو عمران خان نے خود لگایا اور اس کی تعریفیں کرتا تھا لیکن جب فارن فنڈنگ میں چوری پکڑی گئی ہے تو کہتا ہے چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دے تو کوئی استعفے نہیں دے گا بلکہ عمران خان کو اپنی چوری کا حساب دینا ہوگا۔

عوام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جو روٹی، بجلی، ترقی عمران خان نے آپ سے چھین لی تھی شہباز شریف اور نواز شریف اس ترقی کو واپس دلا کر رہیں گے۔      

اہم خبریں سے مزید