اسلام آباد(طاہر خلیل )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کا اجلاس قائم مقام چیئرمین سینیٹر سرمد علی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے کمیٹی کو سوشل میڈیا سے متعلق اعدادوشمار اور قابل اعتراض مواد ہٹانے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمیٹی نے صوبائی اداروں سے پیکا کے مقدمات این سی سی آئی اے کو منتقل کیے جانے کے معاملے کا بھی جائزہ لیا۔اجلاس میں سینیٹر عبدالشکور، سینیٹر سید وقار مہدی، سینیٹر پرویز رشید اور سینیٹر جان محمد نے بھی شرکت کی۔ حکام نے آگاہ کیا کہ صرف سندھ سے اب تک نو مقدمات این سی سی آئی اے کو منتقل کیے گئے ہیں جبکہ باقی مقدمات کی منتقلی کا عمل جاری ہے۔ سینیٹر سرمد علی نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ صوبائی حکام کو خطوط ارسال کیے جائیں تاکہ زیر التواء مقدمات کی منتقلی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔