• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی شہر فلتھ ڈپو میں تبدیل،میکینکل سویپر غائب‘ بدبو دار کوڑا دان

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) پاکستان میں صفائی کا نظام سنبھالنے والی ترک کمپنی البائراک کا کنٹریکٹ ختم ہونے اور صفائی کا نظام راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) کے سپرد ہونے کے بعد ایک بار پھر راولپنڈی شہر اور اسکی سڑکیں فلتھ ڈپو میں تبدیل ہو گئیں۔ سڑکوں پر میکینکل سویپر سے صفائی نہ ہونے کے باعث راول روڈ اور مری روڈ سمیت شہر کی متعدد سڑکیں دوبارہ گردو غبار کی زد میں آ چکی ہیں۔ آر ڈبلیو ایم سی کی جانب سے عید صفائی پلان جاری ہونے کے باوجود راولپنڈی کی گلیاں، سڑکیں، نالیاں اور خالی پلاٹ کوڑا دان بنے رہے۔ راولپنڈی کے شہریوں کی شکایات کے مطابق راولپنڈی میں مختلف شاہراہوں، چوراہوں، کاروباری اور تجارتی مراکز، مارکیٹوں اور گلیوں کے باہر موجود کوڑا دان یا تو ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں یا بیشتر کوڑا دان الٹے پڑے ہیں جس وجہ سے شہری سڑک اور گلیوں پر کوڑا پھنکنے پر مجبور ہیں۔ اسی طرح عوامی مخالفت اور اعتراض کے باوجود آر ڈبلیو ایم سی عملہ بڑے کوڑا دان گلیوں کے باہر انتہائی غلط طریقے سے رکھ دیتا ہے جس سے آمدورفت میں رکاوٹ بنتی ہے بلکہ کئی کئی روز خالی نہ ہونے کی وجہ سے تعفن اور بدبو پیدا ہوتی ہے جس سے بیشتر علاقوں میں مکھیوں اور مچھروں کی بہتات ہو چکی ہے۔ شہریوں کے مطابق البائراک کمپنی کی موجودگی میں یومیہ بنیادوں پر میکینکل سویپر سے مری روڈ اور راول روڈ سمیت شہر کی تمام بڑی سڑکوں پر پانی کے خود کار چھڑکائو کے بعد صفائی کی جاتی تھی جس سے شہر میں گردو غبار کافی حد تک ختم ہو گیا تھا لیکن البائراک کمپنی کے پاکستان سے جانے کے بعد تمام میکینکل سویپرز مکمل طور پر غائب کر دیئے گئے اور صرف بعض وی آئی پی جگہوں پر آر ڈبلیو ایم سی کے سنیٹری ورکرز ہاتھ سے جھاڑو لگاتے نظر آتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آر ڈبلیو ایم سی کے دفتر میں ایم ڈی یا متعلقہ افسران سے ملنا اور شکایت نوٹ کروانا تو جوئے شیر لانے کے مترادف ہے جبکہ موقع پر اصلاح کی بات کرنے والوں کو بھی کوڑے کی گاڑی کا ڈرائیور، سنیٹری ورکرز اور سپروائزر نہ صرف یہ کہ بات ہی سنی ان سنی کر دیتے ہیں بلکہ بعض اوقات شہریوں سے انتہائی بدتمیزی کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں۔ اس حوالے سے اگر آر ڈبلیو ایم سی کے دفتر میں شکایت نوٹ کروا دی جائے تو متعلقہ علاقے کا عملہ انتقامی کارروائی کے طور پر کئی کئی دن کوڑا دان صاف نہیں کرتا اور جب کوڑا دان صاف کرتے ہیں تو انہیں انتہائی بے ڈھنگے انداز میں راستے میں چھوڑ جاتے ہیں جس سے شہریوں کو آمدورفت اور ٹریفک کی روانی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسی طرح دوسری جانب آر ڈبلیو ایم سی کے ترجمان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق راولپنڈی اور مری میں عیدالفطر کیلئے صفائی پلان کو کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ چاند رات اور عید کے تینوں دن شہر کی صفائی کیلئے ورکرز خصوصی ڈیوٹی پر مختلف شفٹوں میں ہمہ وقت موجود رہے۔ عید گاہوں، مساجد اور قبرستانوں کے اطراف میں خصوصی صفائی کی گئی اور چونا پھینکا گیا۔ سینئر منیجر آپریشنز محمد حسنین نے عیدالفطر کے صفائی پلان کی خود نگرانی کی۔ مساجد اور عید گاہوں کی خصوصی صفائی کی گئی، سنیٹری ورکرز وہاں موجود رہے، سڑکوں کو دھو کر عرق گلاب کا چھڑکائو کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق شہریوں نے کامیاب عید صفائی پلان پر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر خاص دن تہوار کے موقع پر صفائی کا اعلیٰ معیار قائم کر دیا گیاہے۔
اسلام آباد سے مزید