سانگھڑ ( نامہ نگار )سانگھڑ اور سندھ کے دیگر اضلاع میں نہری پانی چوروں کے خلاف رینجرز فورس کی مدد طلب کرلی گئی ہے،ہنگامی بنیادوں پر پانی چوروں پر کڑی نظر رکھنے کے لیے نہروں کے گشت کا سلسلہ شروع کر دیاگیا، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے سندھ بھر میں نہری پانی کی قلت کے خلاف زمینداروں اور آباد گاروں کی جانب سے سراپا احتجاج اور ڈائریکٹر نارا کینال واٹر بورڈ ایریا منصور میمن کی جانب سے نہروں سے غیرقانونی پانی کی چوری کی روک تھام کے لیے لکھے گئے خط کے جواب میں جاری کردہ خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سندھ بھر میں خصوصاً سانگھڑ، میرپورخاص، عمرکوٹ اور تھرپارکر اضلاع کی مختلف نہروں نارا کینال، مٹھڑاؤ کینال، روہڑی کینال اور جمڑاؤ کینال وغیرہ پر رینجرز فورس نے محکمہ آبپاشی کے عملے اور پولیس کی مدد سے نہری پانی کی چوری کی روک تھام کے لیے سونپے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر پانی چوروں پر کڑی نظر رکھنے کے لیے نہروں کے گشت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ ہفتے بھی مختلف مقامات پر پانی چوری کرنے والوں کی جانب سے محکمہ آبپاشی کے عملے پر اسپاٹ ہی پر تشدد کیا گیا تھا جنکے خلاف محکمہ آبپاشی کے بعض افسران کی مدیت میں مختلف تھانوں پر مقدمات بھی درج ہوئے ہیں اسکے بعد رینجرز فورس کو طلب کیا گیا ہے ۔