کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ڈسٹرکٹ سطح پر چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ کرانے کا اعلان کیا ہے اس حوالے سے تمام صوبائی ایسوسی ایشنز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے ریجنز و ڈسٹرکٹ کو متحرک انداز میں کلب لیول سے ہاکی کے فروغ کیلئے ایونٹ کو کامیاب بنائیں۔ اس سلسلے میں تمام ڈسٹرکٹسکو اپنے ریجن ہیڈ کوارٹر میں انٹر کلب چیمپئن شپ15 سے 25 مئی تک کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایونٹ میں تمام کلب ڈیپارٹمنٹ کے چار کھلاڑی ٹیم میں شامل کرنے کے مجاز ہونگے۔ کھلاڑیوں کی عمر کی حد کا خاص خیال رکھا جائےگا۔ 30 سال تک کی عمر کے کھلاڑی ایونٹ میں حصہ لے سکتے ہیں جبکہ کلب ٹیم میں کم از کم دو کھلاڑیوں کی عمر 16 سال یا 18 سال ہو۔ تمام کلب اپنی ٹیم میں کم از کم 14 اور زیادہ سے زیادہ 18 کھلاڑی شامل کریں ۔ اس کے علاوہ تمام کھلاڑی اپنے ڈسٹرکٹ کے ڈومیسائل کے مطابقت سے اپنے کلب کی ٹیم کا حصہ ہونگے۔ کلب کی فاتح ٹیم بعد ازاں ریجنل سطح کے ایونٹ کا حصہ بنے گی۔