راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)2015 کے بعدسے راولپنڈی پولیس کاکوئی ہیڈکانسٹیبل کنفرم نہیں ہوسکا۔ذرائع کے مطابق پولیس قوانین کے تحت ہیڈکانسٹیبل کے عہدے پرپروموشن اور لوئر کلاس کور س کرنے کے دوسال بعد کنفرمیشن ہوجانی چاہیے لیکن یہاں چھ سے سات سال بعدبھی ہیڈ کانسٹیبلوں کو کنفرم نہیں کیاجارہاجس سے ان میں بددلی پائی جاتی ہے ،ذرائع کاکہناہے کہ راولپنڈی پولیس میں اس وقت چھ سوکے قریب ہیڈکانسٹیبل کنفرم کئے جانے کے انتظارمیں ہیں اوران کی کنفرمیشن کیلئے مقررہ میعادبھی کئی سال پہلے پوری ہوچکی ہے لیکن متعلقہ کلریکل سٹاف انہیں کنفرم نہیں کرارہا،بروقت کنفرم نہ ہونے سے فورس میں ترقیوں کاعمل بھی تاخیرکاشکارہورہاہے ،متاثرہ حوالداروں کامؤقف ہے کہ دوسرے اضلاع میں بروقت کنفرمیشن کی وجہ سے ان سے بعدمیں بھرتی ہونے والے سپاہی اس وقت تھانیداربن چکے ہیں ضلع راولپنڈی میں اب تک حوالداروں کی کنفرمیشن کاسسٹم ہی درست نہیں ہوسکا،ذرائع کاکہناہے کہ اس وقت راولپنڈی میں تقریباً ایک ہزارسے زیادہ ہیڈکانسٹیبل ایسے ہیں کہ جنہیں اگربروقت کنفرم کردیاجاتاتووہ انٹرکلاس کورس میں شرکت کے اہل قرارپاتے ،اس حوالے سے سینٹرل پولیس آفس سے جب پوچھاجاتاہے کہ ضلع میں کتنے ہیڈکانسٹیبل ایسے ہیں کہ جنہیں کورس پربھیجاجاسکتاہے توکنفرم نہ کئے جانے کے باعث آدھے سے زیادہ تعدادکو انٹرکورس کے لئے نااہل قراردے دیاجاتاہے جس کی وجہ سے ضلع کوانٹرکلاس کورس کے لئے کم سیٹیں ملتی ہیں ،اس طرح دس سال پہلے بھی کنفرم ہونے والے کئی ہیڈکانسٹیبل تاحال پروموشن کورس کے لئے نہیں بھیجے جاسکے ۔متاثرہ ہیڈکانسٹیبلوں نے سی پی اواورآرپی اوراولپنڈی سے مطالبہ کیاہے کہ ان کی بروقت کنفرمیشن کویقینی بنایاجائے اورجوہیڈکانسٹیبل کنفرم ہوچکے ہیں انہیں انٹرکلاس کورس میں بھیجاجائے ۔