پشاور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ امریکی سازش کے تحت عدم اعتماد کے ذریعے عمران خان کو ہٹایا گیا، عمران خان اپنی نہیں ملک کے وقار اور خودمختاری کی لڑائی لڑی رہے ہیں،2011 میں ہم نے دھرنا دیکر نیٹو سپلائی بند کی تھی،سا بقہ حکومتوں میں 402اورہماری میں ایک بھی ڈرون حملہ نہیں ہوا ، عمران خان نے اقوام متحدہ میں اسلام کا پیغام پہنچایا ،اسلاموفوبیا کے خلاف قرار داد منظور کرائی اور ناموس رسالت کا مقدمہ لڑا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نشتر ہال پشاور میں تحریک انصاف ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مراد سعید نے کہا کہ 7مارچ کو پاکستان کو دھمکی آمیز خط ملتا ہے اور اس میں عمران خان کو عدم اعتماد کے ذریعے ہٹانے کا کہا جاتا ہے،8مارچ کو تحریک عدم اعتماد پیش کی جاتی ہے،تحریک انصاف حکومت نے کورونا کا بہترین انداز میں مقابلہ کیا ، معیشت کو بہتر کیا، سابقہ حکومتوں کے10سال میں 402ڈرون حملے ہوئے، پی ٹی آئی کے چار سال میں ایک ڈرون نہیں ہوا، ۔صوبائی وزیر کامران بنگش نے کنونشن سے خطاب میں کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان عمران خان کیساتھ ہیں، چیئرمین عمران خان نے پشاور سے اپنی مہم کا آغاز کیا،اسلام آباد مارچ کے لئے جب بھی عمران خان کال دینگے ہم ان کے ساتھ ہوں گے۔