بورے والا (اے پی پی)ضلع وہاڑی پولیس کی بڑی کاروائی،شیخوپورہ سے کراچی لے جائی جانے والی 10کروڑ روپے مالیت کی کچی شراب (الکحل) سے بھرا ٹینکر پکڑ لیا،ٹینکر سے ایک لاکھ سے زائد لٹر الکحل برآمد۔پکڑی جانے والے الکحل کی بڑی کھیپ جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی سپلائی کی جانی تھی۔ڈی پی او وہاڑی نے آپریشن کی خود نگرانی کی،تین بڑے ڈیلرز سمیت چھ افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی او وہاڑی محمد طارق عزیز کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ شیخوپورہ سے جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع اور کراچی کے بڑے ڈیلرز کو کچی شراب(الکحل) سپلائی کرنے ٹینکر ضلع وہاڑی کی حدود سے گزر رہا ہے جس پر ڈی پی او وہاڑی نے ایس ایچ او ٹبہ سلطان پور کی زیر قیادت ٹیم تشکیل دے کر ناکہ بندی کروا دی اور اس شراب کی اس بڑی کھیپ کو پکڑنے کے لئے آپریشن کی خود نگرانی کرتے ہوئے شیخوپورہ سے آنے والا کنٹینر ٹرالر نمبر TMF230-K9151 اور کار نمبر LEA-4530 کو روک کر جب ٹینکر اور کار کی تلاشی لی تو ٹینکر میں ایک لاکھ 6 ہزار لٹر الکحل(کچی شراب) موجود تھی جبکہ کار کی ڈگی میں 450لٹر الکحل سپرٹ بھی برآمد ہوا۔ پولیس نے موقع سے ٹینکر پر سوار تین افرادولائت خان،نیاز اللہ اور عرفان اللہ کے علاوہ کار سوار شراب کے بڑے ڈیلرز مظہر حسین،محمد عارف اور مجاہد کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کردیا۔ ٹینکر میں موجود شراب(الکحل) کی قیمت دس کروڑ روپے بتائی جاتی ہے ۔