لاہور (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت انتخابی اصلاحات کے بعد الیکشن کا انعقاد کرے،ملک کو موجودہ سیاسی بحرانوں سے نکالنے کا واحدراستہ انتخابات ہی ہیں، نا اہل پارٹیوں کی سیاسی مثلث کی وجہ سے آج عالمی مالیاتی ادارے ملک پر مسلط ہیں گورنر اسٹیٹ بینک کی تبدیلی ناکافی آئی ایم ایف سے ظالمانہ معاہدے ختم کرنے ہونگے۔ تینوں بڑی نام نہاد سیاسی جماعتیں ایک ہی چھتری کے نیچے پروان چڑھیں۔ اب یہ لوگ ایک دفعہ پھر جھوٹے نعرے اور دعوے کر کے قوم کو بے وقوف بنانا چاہتے ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ حکمران اشرافیہ کو مسترد کر کے جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کرے۔عوام پیپلز پارٹی، ن لیگ کو بار بار دیکھ چکے، پی ٹی آئی نے بھی مسائل میں مزید اضافہ کیا آزمائے ہوئے ناکام لوگوں کو دوبارہ موقع دینا بے وقوفی ہو گی۔حکومت انتخابی ریفارمز کے بعد جلد از جلد الیکشن کے انعقاد کا بندوبست کرے۔ ملک کو موجودہ سیاسی بحرانوں سے نکالنے کا راستہ الیکشن ہی ہے۔ انتخابات متناسب نمائندگی کے اصولوں کے تحت ہونے چاہیں۔پاکستان میں مزید سودی نظام برداشت نہیں کرینگے. جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے۔