پشاور(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن)کی رہنما مریم نواز کیخلاف ٹوئٹرپر مہم چلانے اور ان کی جعلی غیراخلاقی ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے الزام میں تحریک انصاف کے کارکن کو گرفتار کرلیا گیا جس کےخلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سابئرکرائم برانچ نے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ، ملزم فیاض الدین کی وکٹری بناتے اورہتھکڑیوں میں تصاویر وائرل،14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا گیا۔ گرفتاری کے بعد ملزم کی وین میں وکٹری کا نشان اورہتھکڑیوں میں بنائے تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں ، ایف آئی اے کی جانب سے درج ایف آئی آر کے مطابق ملزم فیاض الدین ولد اشراق الدین سکنہ سبزعلی ٹائون ورسک روڈ پشاورپر الزام ہے کہ وہ مریم نواز کے خلاف ٹویٹراکائونٹ پر ناگواراوردھمکی آمیز مہم چلا رہا تھا جبکہ خاتون رہنما کی غیراخلاقی ویڈیو بھی شیئر کی جس پر انکوائری کی گئی اور انکوائری کے بعد ملزم کو گرفتار کیا گیا، ملزم کےخلاف دفعہ 21، پیکا 2016اوردیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، بتایاجارہا ہے کہ ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتارملزم فیاض الدین تحریک انصاف پشاور کے سوشل میڈیا کارکن ہیں اور اس کی رہائی کیلئے قانونی ٹیم نے ضمانت کےلئے درخواست بھی دائر کردی ہے۔