• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز الٰہی اسمبلی سیکرٹریٹ پہنچ گئے‘قائم مقام گورنر کا چارج نہیں لیا

لاہور (ایجنسیاں) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی اپنے امور کی انجام دہی کیلئے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ پہنچ گئے‘پرویزالٰہی نے تاحال قائم مقام گورنر پنجاب کا چارج نہیں سنبھالا اور اس پر آئینی ماہرین سے مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے غیر آئینی اقدامات کی فیکٹری لگا رکھی ہے تاہم میں اپنے امور آئین و قانون کے مطابق ہی سرانجام دوں گا۔ ادھرپرویز الہٰی نے قائم مقام گورنر بننے اور ایڈووکیٹ جنرل کی برطرفی کی سمری پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا۔ ترجمان مسلم لیگ (ق) کے مطابق گورنر ہاؤس کا عملہ چوہدری پرویز الٰہی کے پاس پنجاب اسمبلی میں قائمقام عہدے کی سمری پر دستخط کے لئے آیا تھاتاہم اسے واپس بھجوادیا گیا۔دریں اثناء پرویز الٰہی نے عمر سرفراز چیمہ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ پرویزالٰہی نے عمر سرفراز چیمہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ بدترین آئین شکنی کی مرتکب ہو رہی ہے، ہم مل کر آئین و قانون کی حفاظت جاری رکھیں گے اور ان کے ہر غیر آئینی اقدامات پر بھرپور مزاحمت کریں گے۔ عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ میں ماضی کی طرح آج بھی آئین کی سربلندی کو پیش نظر رکھ کر ہی فیصلے کروں گا۔

اہم خبریں سے مزید